پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لئے گئے قرضے گلے کا طوق بن گئے،احسن اقبال

183
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

لاہور۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 80فیصد قرضے لئے گئے جن کی ادائیگی گلے کا طوق بن چکی ہے، پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے تو آئندہ تین سالوں میں غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے زر مبادلہ کے ذخائر بڑھانا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں فور برادرز کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین فور برادرز جاوید سلیم قریشی نے وفاقی وزیر کو فور برادرز کے آپریشنز پر بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کی روشنی میں پاکستان کے مستقبل کے نقشے پر بات کرنے آیا ہوں،چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر بحران اور مشکل میں پاکستان کاساتھ دیا،اندھیروں سے نکالنے کیلئے چین نے ہماری مدد کی اور 8ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ تھر میں موجود کوئلے کے ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگے۔ حالیہ دورہ چین کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ چین کی قیادت سے پاکستان کے مسائل پر کھل کر بات ہوئی جس میں سی پیک کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان میں سی پیک کا اپ گریڈورژن لانا چاہتی ہے جو ہمارے لئے بہت بڑی ذمہ داری اور سنہری موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں کے لیے امن، استحکام اور اصلاحات کے سفر کو طے کرنے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا،معاشی میدان کی طرف سفر کا رخ نہ کیا تو پھر مہنگائی اور مسائل کا سامنا کرناپڑے گا۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ لگتا ہے عمران خان اینگری مین کا کردار ادا کر رہے ہیں ، معلوم نہیں ان کی کس سے لڑائی اور جھگڑا ہے،،اب یہ تحریک انصاف کو سوچنا ہو گا کہ ان کو کیسے چلنا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت کے نومنتخب وزیر اعظم کی انتخابی تقریریں سن چکے ہیں جس میں انہوں نے کس طرح پاکستان کے لئے بغض نکالا،یہ بات درست ثابت ہوئی کہ بھارت میں مسلمانوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے،ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ پاکستان کو بھارت سے زیادہ کامیاب کیا جائے۔