اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءو رکن قومی اسمبلی پرنس نواز خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی جبکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، ہزارہ ڈویژن کے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ہزارہ کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک پیج پر اکٹھا ہو کر کام کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے ضلع بٹگرام کو ساوئی گیس کی فراہمی اور حلقے میں 15 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کاا وعدہ کیا ہے۔ اتوار کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سو ممالک کے ساتھ لنک کی وجہ سے ملک میں عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جس سے ان کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے اضلاع میں سی پیک منصوبے پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی 25 فیصد کام رواں سال ہی مکمل کر لیا جائے گا، منصوبے کی تشکیل سے ہزارہ ڈویژن کے عوام کم وقت میں سفر طے کر سکیں گے۔