پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فرازکی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

71

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، وزیر اعظم عمران خان نیک نیتی کے ساتھ ملک کی ترقی اور معیشت کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پر عزم ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے حکومت عوام کو بڑا ریلیف دے گی، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایک ذمہ دار قوم کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، وزیر اعظم عمران خان کی مخلصانہ قیادت میں حکومت کی پالیسیوں کی بدولت معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوا ہے اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ کا ریکارڈ ہے جب بھی مشکل وقت آیا اس کے قائدین اپنے ورکرز کو چھوڑ کر بیرون ملک بھاگ گئے، ن لیگ کے اپنے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کہاں ہیں، ن لیگ کو مبارک ہو ان کا فارورڈ بلاک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی سیاست ختم ہو گئی ہے، ن لیگ اندرونی اختلافات کا شکار ہے اور حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ شہباز شریف اور نواز شریف واپس آئیں گے، ن لیگ کو متبادل قیادت تلاش کر لینی چاہیے، شریف خداندان کی کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے مریم نواز کو بھی باہر بلا لیا جائے، حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے، ہماری پہلی ترجیح کورونا وائرس سے بچاﺅ اور روک تھام ہونی چاہیے، وائرس سے بچاﺅ کیلئے ہاتھ ملانے سے گریز کرنا چاہیے۔