اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے لاہور زونل آفس نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں واقع نیٹ ورک کمپنی کی فرنچائزز پر چھاپہ مارا۔ یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئیں۔
چھاپے کے دوران سم سٹاک کے اندر سے 02 فعال اور 151 مشتبہ سمیں برآمد ہوئیں۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے ثبوت کے طور پر ان سموں کے ساتھ 04 بی وی ایس ڈیوائسز بھی قبضے میں لے لیں۔ مزید برآں ایف آئی اے ٹیم نے موقع پر ہی دو افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی اے نے سیلز چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایت درج کرائی تھی۔یہ چھاپے ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس) کے ذریعے غیر قانونی سموں کے اجراء کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔ یہ اقدام سموں کے غیر قانونی اجراء کے خاتمے کے حوالے سے اتھارٹی کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔