پی ٹی اے کا ٹیلی کام لائسنسنگ کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے اور معلوماتی نظام او اے ایس آئی ایس کا آغاز

پی ٹی اے کا ٹیلی کام لائسنسنگ کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے اور معلوماتی نظام او اے ایس آئی ایس کا آغاز

217
PTA
PTA

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنی آن لائن درخواست جمع کرانے اور معلوماتی نظام اواے ایس آئی ایس کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو اب (https://eservices.pta.gov.pk) پر دستیاب ہے۔ جمعہ کو پی ٹی اے سے جاری کردہ بیان کے مطابق 14 اگست 2024 کو باضابطہ طور پر آغاز کردہ اس جدید ترین نظام کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں اور درخواست دہندگان کے لیے لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانا ہے جو پاکستان میں کاروبار ی عمل میں سہولت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ پلیٹ فارم ایک جامع سلوشن ہے جس کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی درخواستیں جمع کرانے کا عمل با آسانی اور موثر طریقے سے مکمل کرسکیں گے ۔ یہ اقدام ٹیلی کام کے شعبے کو جدید اور موثر خدمات کی فراہمی کے ضمن میں پی ٹی اے کے عزم کا عکاس ہے۔اس پلیٹ فارم کی اہم خصوصیات میں نادرا کے تعاون سے شناختی کارڈ کی خود کار طریقے سے تصدیق، ایس ای سی پی کے ساتھ کمپنی رجسٹریشن کے دوران رئیل ٹائم کے دوران تصدیق، نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے آن لائن ادائیگیوں کی بذریعہ اپلیکیشن تکمیل شامل ہے۔

درخواست دہندگان آن لائن طریقے سے اپنا یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں جس میں نادرا کے ای سہولت سینٹرز پر بائیومیٹرک تصدیق اور خودکار فیس کی ادائیگی کی تصدیق جیسے محفوظ اقدامات شامل ہیں۔ ان سے لائسنسنگ کے عمل کی ترویج اور موثریت میں اضافہ ممکن ہو گا۔ پی ٹی اے، نادرا، ایس ای سی پی، اور این بی پی کے مابین تعاون کے نتیجے میں یہ حکمت عملی ٹیلی کام سروسز کے لائسنسنگ کے عمل کو ملک بھر میں تیزی اور آسانی سے انجام دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ اہم نظام انٹیگریشن کے ذریعے پی ٹی اے کے لئے ایک مضبوط اور موثر ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے جو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی توسیع کے لئے اہم ثابت ہوں گے ۔