اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس فیصل آباد نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل فیصل آباد کے تعاون سے بالترتیب جھنگ شہر اور گڑھ موڑ، ڈسٹرکٹ جھنگ میں یوفون اور جیز کی دو فرنچائزز پر کامیاب چھاپے مارے۔ دونوں فرنچائزز سم کارڈز کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئی تھیں۔
پیر کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری کردہ بیان کے مطابق پہلے چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے یوفون فرنچائز کے مالک کو گرفتار کر کے مشتبہ مواد قبضے میں لے لیا جس میں ایک موبائل فون، دو یوفون بی وی ایس ڈیوائسز اور 57 مشکوک سم کارڈز شامل ہیں جبکہ گڑھ موڑ پر جیز فرینچائز پر دوسرے چھاپے کے دوران دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور حکام نے 39 مشتبہ سمز، دو موبائل فونز، ایک لیپ ٹاپ، دو جیز بی وی ایس ڈیوائسز، 32 اصلی شناختی کارڈ، شناختی کارڈ کی 800 کاپیاں اور انگوٹھوں کے نشانات والے 161 دستخط شدہ سٹامپ پیپرز قبضے میں لے لئے۔
یہ کریک ڈائون پی ٹی اے کی سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں اور اس حوالے سے اتھارٹی کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔