پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اور پی این آر اے کے درمیان ایمرجنسی تیاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

30

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کو پی ڈی ایم اے آفس میں منعقد ہوا جس میں جوہری اور تابکاری ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس اور تیاری کے اقدامات پر بات چیت کی گئی.

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی این آر اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم ارشد کی قیادت میں وفد نے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل اسفندیار خٹک اور دیگر اعلیٰ افسران کو ادارے کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان میں طبی، صنعتی، زرعی اور تحقیقی شعبوں میں تابکار مواد کا مفید استعمال ہو رہا ہے. اجلاس میں پی این آر اے نے قومی ایمرجنسی ردعمل منصوبے پر بھی روشنی ڈالی جو تابکاری واقعات کی صورت میں فوری اور مربوط کارروائی کو یقینی بنانے کےلیے تیار کیا گیا ہے.

اس موقع پر صوبائی سطح پر تیاری اور ایس او پیز کی ضرورت پر زور دیا گیا. ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر ڈی آر ایم سعید نواب اور ڈائریکٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر امجد خان کو پی این آر اے نے تفصیلی بریفنگ دی. اجلاس میں مقامی سطح پر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی تیاری، ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ اور عملی تربیت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں اداروں نے اس قومی پروگرام کو مرحلہ وار نافذ کرنے پر اتفاق کیا جس کے تحت ضلعی و صوبائی محکموں کی استعداد کار بڑھائی جائے گی.

تابکاری شناخت کے آلات فراہم کیے جائیں گے اور پی ڈی ایم اے کے عملے کو پی این آر اے کی جانب سے تربیت دی جائے گی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک نے پی این آر اے کے جوہری تحفظ سے متعلق ریگولیٹری کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا میں اس پروگرام پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پی ڈی ایم اے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ یہ اشتراک صوبے میں آفات سے نمٹنے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی تحفظ کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط روابط کی مضبوطی کا اہم قدم ہے.