لاہور۔17اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ غازی خان رود کوہیوں میں ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب، بند اور پشتوں کی مضبوطی کے لیے 18ملین روپے کے فنڈز جاری کردئیے گئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رودکوہیوں میں ارلی وارننگ سسٹم کیلئے 7ملین روپے ،رود کوہیوں کے بند اور پشتوں کی مضبوطی و تعمیر و مرمت کیلئے 11ملین روپے جاری کئے گئے،کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی منظوری کے بعد فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے ۔
ڈی جی کے مطابق بند اور پشتوں کی مضبوطی منسلک بستیوں اور افراد کو محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوگی جس سے پستی ودانی، چِت سرکانی، جلو والی اور جھارکنڈ بند اور دیگر بستیاں محفوظ ہو جائے گئیں ۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر رودکوہیوں کے قرب و جوار میں موجود آبادیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر ارلی وارننگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،ارلی وارننگ سسٹم اوررود کوہیوں میں سیلابی خطرے سے نمٹنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔
ڈی جی کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں مواصلاتی ٹاور نصب کیے جائیں گے،پی ڈی ایم اے پنجاب اور کمشنر ڈیرہ غازی خان کی زیر نگرانی ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ڈیرہ غازی خان و راجن پور کی رود کوہیوں میں سیلابی ریلوں کے نقصان سے بچا ناہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے