لاہور۔1مارچ (اے پی پی):ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 3مارچ تک پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ مری ،گلیات اور گردونواح میں برف باری کے بھی امکانات ہیں۔
طوفان ، بارشوں اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ برف باری سے پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہے۔
طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے چوکس رہیں۔ عوام سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھیں۔ طوفان کے باعث بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس جانے سے گریز کریں۔ مری انتظامیہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔ بڑے شہروں میں نکاسی آب کے ذمہ دار ادارے ویک اینڈ پر الرٹ رہیں۔
عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے ۔ باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں۔ غیر ضروری سفر اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔ بچوں کو بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں۔ ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129پر اطلاع دیں۔