لاہور۔23جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے ،اس سلسلہ میں کمشنر ڈیرہ غازی خان و ڈی سیز ڈیرہ غازیخان اور راجن پور انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کہ آ ج24جولائی کو ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزریں گے ۔
دریں اثنا ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں کہ چونکہ رود کوہیوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہا ئومیں اضافہ ہوا ہے توممکنہ سیلابی خدشہ کے پیش ِ نظر حفاظتی اقدامات تیز کریں ،رود کوہیوں کے راستوں میں قائم آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ عوام کو وزیر اعلی پنجاب کا پیغام پہنچائیں کہ سیلاب کی صورتحال میں آپ نے اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطرے کی صورت میں آپ نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر کال کریں۔