لاہور۔22اگست (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کے پیشِ نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق23 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں 23 سے 27 اگست تک شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے …
پی ڈی ایم اے کا مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل بارے الرٹ، دریاوں میں پانی کے اضافے کا خدشہ

مزید خبریں
لاہور۔22اگست (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کے پیشِ نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق23 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں 23 سے 27 اگست تک شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے وارننگ دی کہ ان بارشوں کے باعث دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو پہلے ہی ایک لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہا والدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام محکمے الرٹ رہیں اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو حساس مقامات پر تعینات کرنے، شہریوں کو مساجد کے اعلانات اور مقامی ذرائع سے بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں اور پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








