پی ڈی ایم بننے کے ساتھ ہی کہا تھاان کا کوئی مستقبل نہیں، سینیٹر فیصل جاوید

74

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بننے کے ساتھ ہی کہا تھا کہ عوام انہیں مسترد کریں گے اور وہی ہوا، پی ڈی ایم کا تنازع ان کا اندرونی مسئلہ ہے ،ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہے، 11 جماعتیں مل کر بھی حکومت نہ گرا سکیں، ایک دو جماعتیں کیا کر لیں گی، اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران اپنا اچھا اور ملک کا برا حال کیا۔

منگل کو اے این پی کے پی ڈی ایم سے الگ ہونے کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 جماعتوں نے مل کر حکومت گرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا، اپوزیشن نے ملک کے مختلف شہروں میں جلسے کئے لیکن عوام ان کے ساتھ نہیں نکلے کیوں کہ لوگ کسی کی کرپشن بچانے کیلئے نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف نکلتے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عوام نے پی ڈی ایم اتحاد کو مسترد کر دیا اسلئے ساری جماعتوں میں اختلافات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور یہ تتربتر ہو گئے ہیں، یہ لوگ جب اپنے حلقوں میں جاتے ہیں تو لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ کہاں؟۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کل کوئی خطرہ تھا اور نہ آج ہے، ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے، پی ڈی ایم 2020ءمیں بنی تھی اور جلسوں میں ناکامی کی وجہ سے یہ 2020ءمیں ہی ختم ہو گئی تھی۔