اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مکمل تباہ ہو چکی ہے، پی ڈی ایم نے صرف اپنی کرپشن بچانے کے لئے قوم کا 6 ماہ وقت ضائع کیا، وزیراعظم عمران خان کسی کرپٹ شخص کو اپنی کابینہ میں کبھی برداشت نہیں کریں گے، میں سمجھتا ہوں کہ نیب کو مریم نواز کی پیشی کو ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے کہتے تھے کہ 26مارچ کو اسلام آباد کی سڑکوں پر جم غفیر ہوگا، لانگ مارچ اور دھرنا ہوگا اور یہ حکومت سے استعفے لینے آئیں گے لیکن آج صورتحال بالکل مختلف ہے، اسلام آباد کے حالات بھی معمول کے مطابق ہیں اور حکومت بھی اپنی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے صرف اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے 6 ماہ قوم کا وقت ضائع کیا، قوم کے 6 ماہ ضائع کرنے کے بعد آج پی ڈی ایم کے حالات یہ ہیں کہ اس میں شامل جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ ندیم بابر کو عہدے سے ہٹ جانے کے لئے اس لئے کہا گیا ہے کہ تحقیقات آزادانہ اور شفاف طریقے سے ہو سکیں اور کوئی ان تحقیقات پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کرپٹ شخص کو اپنی کابینہ میں کبھی برداشت نہیں کریں گے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو تقریباً ساڑھے 7 سال ہو گئے ہیں، اس دوران کوئی ایک ایسی چیز بھی نہیں ہوئی جو وزیراعظم عمران خان نے اپنی ذات کے لئے کی ہو۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ نیب کو مریم نواز کی پیشی کو ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ لوگ جو لشکر کشی کرنا چاہتے تھے اگر ان کو آنے دیا جاتا تو سب کچھ قوم دیکھتی کہ کیسے یہ لوگ اداروں کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں رہتے ہوئے اداروں اور ان اداروں کے سربراہان کے خلاف بیانات دیتے ہیں، یہ لوگ حکومت میں ہوتے ہوئے ان اداروں اور اداروں کے سربراہان کے ساتھ کیا کرتے ہوں گے جب یہ ادارے حکومت کے ماتحت ہوتے ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کا یہی مائنڈ سیٹ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ادارے تباہ ہوئے۔