لاہور۔11فروری (اے پی پی):وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سینیٹ الیکشن سے قبل نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے رابطوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے ایک سال سے کم عرصہ میں یو ٹرن لینے کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں۔ کل تک سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن آج سینیٹ کے لیے حکمت عملی بنا رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے آج اسی کی شقوں پر عملدرآمد سے گھبرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے باہر مولانا فضل الرحمان نے جیبیں بھرنے کے لیے لانگ مارچ کا راستہ اپنایا ہوا ہے۔ گزشتہ سال ڈیڑھ ارب سے اس سال پانچ ارب کی چھلانگ مولانا فضل الرحمن کی پلاننگ کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد شدہ دونوں نام نہاد لیڈران کی ہر حکمت عملی کو عوام ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے احتساب کا عمل کسی مخصوص جماعت کے لیے شروع نہیں کیا اور 20 پی ٹی آئی اراکین کے خلاف حالیہ کاروائی اسکی زندہ مثال ہے۔