پی ڈی ایم کا اندرونی انتشار کھل کر سامنے آ چکا ہے،پیپلز پارٹی کسی صورت سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

57
وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا،نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن سمیت دیگر معاہدوں میں پیشرفت کے امکانات ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اندرونی انتشار، کھل کر سامنے آ چکا ہے۔پیپلز پارٹی، کسی صورت سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی۔

بدھ کو پی ڈی ایم کے حوالے سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد ہے۔ان کا منشور اور سوچ ایک نہیں ہے،یہ کٹھ جوڑ محض مفادات کی وجہ سے ہے

۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں یہ ایک دوسرے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں جبکہ آج ان کا اندرونی انتشار، کھل کر سامنے آ چکا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کل آصف علی زرداری نے استعفوں کیلئے نواز شریف کی واپسی کی شرط رکھی جسے مریم نواز نے اسی اجلاس میں مسترد کر دیا۔استعفوں کے مطالبے کے حوالے سے میرے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں ۔میں شروع سے کہتا چلا آ رہا ہوں کہ پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی۔پیپلز پارٹی، کسی صورت سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد، نیب کی گرفت سے بچنے کیلئے ہے ۔پیپلز پارٹی اور نون لیگ دونوں اپنے اپنے مفادات کیلئے ایک دوسرے کو استعمال کر رہے تھے تاکہ مقصد پورا ہونے کے بعد راہیں جدا کر لی جائیں –

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچاؤ کیلئے پی ڈی ایم میں پڑاؤ کیا ہوا تھا،ان میں اختلافات کے باعث مولانا فضل الرحمن نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لانگ مارچ منسوخ کیا اور کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔