اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی غیرجمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو گرانے کیلئے کوششیں ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اگر حکومت گرانا چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لائیں، چیلنجز اور کورونا کے باوجود تحریک انصاف حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور پاکستان ترقی کر رہا ہے، اپوزیشن جماعتیں ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن سرتوڑ کوششوں کے باوجود انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ذاتی مفادات کیلئے جدوجہد ہی اپوزیشن کی ناکامی کی وجہ ہے، مولانا فضل الرحمان نیب سوالات کے جواب دینے اور الیکشن کمیشن کو دھاندلی کے ثبوت دینے کے بجائے احتجاج کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، قوم نے بھی دیکھ لیا کہ ان کی منزل ایک ہے اور نہ ہی سمت، یہ لوگ صرف وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن عوام نے ان کے بیانیے کو مسترد کر کے ان کی ساری کوششوں پر پانی پھیر دیا، تحریک انصاف حکومت کی تمام تر توجہ سروس ڈیلیوری اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی پر مرکوز ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ 2021ءگروتھ کا سال ہے، ن لیگ کی سابقہ حکومت معیشت کو ابتر حالت میں چھوڑ کر گئی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں معیشت کو مستحکم کرنے میں وقت لگا، اب عوام کو ثمرات ملنا شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سیاسی مداخلت اور میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کی وجہ سے ادارے تباہ ہوئے، موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ریفارمز کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور عملی طور پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہمارے دور حکومت کے دوران ایک بھی سیاسی تقرری نہیں کی گئی، راتوں رات بہتری نہیں آ سکتی لیکن آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا تاہم پاکستانی حکومت نے مربوط حکمت عملی کے تحت اس بحران کو ہینڈل کیا، کورونا کے باوجود معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے جو الیکشن یہ جیت جائیں وہ ٹھیک، ہار جائیں تو وہ غلط، یہ لوگ ایک طرف جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف غیرجمہوری طریقے سے منتخب حکومت گرانا چاہتے ہیں، یہ کون سی جمہوریت ہے، اپوزیشن کی غیرجمہوری طریقے سے حکومت کو ہٹانے کی کوششیں ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اپوزیشن جماعتیں اگر حکومت گرانا چاہتی ہیں تو پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پیش کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں استعفے دیں گی تو حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں، ان کے قائدین کے متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی متبادل پروگرام نہیں ہے، ان کی ساری جدوجہد سیاسی مقاصد کے حصول اور ذاتی مفادات کیلئے ہے اسلئے عوام میں ان کو پذیرائی نہیں مل رہی، قوم دیکھ رہی ہے کہ ان کی منزل ایک ہے اور نہ ہی سمت، یہ لوگ صرف وقت ضائع کر رہے ہیں، تحریک انصاف حکومت عوام اور ملک کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہے۔