راولپنڈی۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کے انتخابات میں حصہ لے گی، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا استقبال ہوگا اور خاطر تواضع بھی کریں گے، وزیر اعظم نے مذاکرات کی دعوت دی ہے مگر کرپشن اور این آر او پر بات نہیں ہو گی، یہ بہتری کا سال ہو گا اور برآمدات کو چار ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، گزشتہ روز راولپنڈی کیمپ آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی مسائل پر بات چیت ہونی چاہئے، وزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ کرپشن کیسز اور این آر او پر کوئی بات چیت نہیں ہو گی، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہیں، مسلم لیگ کا ایک بڑا دھڑا استعفوں کے مخالف ہے اور مریم نواز کے کہنے پر کوئی لیگی استعفیٰ نہیں دے گا، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیانئے کو لندن میں ہی دفن کرنا چاہتے ہیں، جو پالیسی جمیت علمائے ہند کی ہے وہی مولانا فضل الرحمان کی جمیعت کی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتی ہے تو اس کا مثبت چہرہ سامنے آئے گا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی صنعت کاروں سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک صحیح راہ پر گامزن ہے اور تمام اشاریے مثبت ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات ڈھائی ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جس کو چار ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ فارن ریزرو میں 18.4 فیصد اضافہ ہوا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں تاہم اس کی بہتری کے لئے اصلاحات لارہے ہیں۔