راولپنڈی۔14دسمبر (اے پی پی):سری لنکا میں آئندہ سال جنوری میں ہونے والی پی ڈی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان فزیکل ڈس ایبیلٹی کرکٹ ٹیم کا دو روزہ کنڈیشننگ اینڈ اسکلز ڈیولپمنٹ ٹریننگ کیمپ 16 دسمبر سے ایوب پارک کرکٹ گراؤنڈ، راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ جنرل سیکریٹری پاکستان فزیکل ڈس ایبیلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن( پی پی ڈی سی اے) امیر الدین انصاری کے مطابق پی ڈی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 11 جنوری سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہو گی ۔ میگا ایونٹ میں میزبان سری لنکا، پاکستان، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی
امیر الدین انصاری کا کہنا ہے کہ لیول 4 کوچ صبیح اظہر کیمپ انچارج ہوں گے اور کیمپ کا اختتام 17 جنوری کو ہو گا جس کے بعد منتخب کردہ پاکستان پی ڈی ٹیم سری لنکا روانہ ہو گی۔ سلیکشن کمیٹی نے کیمپ کے لیے ممکنہ 27 کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں مطلوب قریشی، محمد نعمان، حزیفہ خان، محمد زمان، شاہد وٹو، حمزہ حمید، رحمت اللہ، محمد شہزاد، غلام محمد، محمد واجد عالم، محمد ارسلان، سیف اللہ اچکزئی، خورشید علی ، زبیر سلیم، عبدالخالق، مومن اللہ، عبداللہ اعجاز، انس اسماعیل، فرحان سعید، حماد شوکت، اسامہ ارشد، عبدالباسط، تنویر احمد، آصف کھچی، واقف شاہ، زبیر خان اور عاطف خان شامل ہیں۔