کوالالمپور۔6دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہفتہ کو کوالالمپور پہنچ گئے جہاں ان کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ یہ دورہ ان کے مارچ 2025 کے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے لیے کیے گئے پہلے دورے کا تسلسل ہے۔ملائیشیا پہنچنے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں مقامی کاروباری …
چئیرمین سینیٹ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے

مزید خبریں
کوالالمپور۔6دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہفتہ کو کوالالمپور پہنچ گئے جہاں ان کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ یہ دورہ ان کے مارچ 2025 کے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے لیے کیے گئے پہلے دورے کا تسلسل ہے۔ملائیشیا پہنچنے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں مقامی کاروباری برادری کی جانب سے عشائیہ دیا گیاجس میں انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان رشتہ مشترکہ اقدار، ثقافتی وابستگی اور دہائیوں پر محیط سیاسی، معاشی اور سماجی تعاون پر قائم ہے۔
اپنے خطاب میں سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت تقریباً 1.5 ارب امریکی ڈالر سالانہ ہے، تاہم اس میں اضافہ کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور اشتراک عمل سے دوطرفہ تجارت کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔چیئرمین نے پاکستان کی معاشی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوان آبادی، اسٹریٹجک شعبے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم منزل بناتے ہیں۔انہوں نے سیاحت، انفراسٹرکچر، تعمیرات، کان کنی، زرعی کاروبار، حلال انڈسٹری اور فوڈ پروسیسنگ کو ایسے شعبے قرار دیا جن میں ملائیشین سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے پالم آئل سمیت دیگر تجارتی مصنوعات میں ملائیشیا کے کردار کو بھی سراہا۔سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کا خصوصی ذکر کیاجو ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر سرمایہ کاروں کو ریگولیٹری رہنمائی، آسان رسائی اور وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ملائیشیا باہمی اعتماد اور مضبوط عزم کے ساتھ مل کر نئے مواقع پیدا کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، معاشی ترقی اور ثقافتی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔








