چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ

143

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن بیورو اورسرچ فار جسٹس این جی او کی جانب سے مختلف سکولوں کے اساتذہ کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ورکشاپ کا جمعرات کے روز انعقاد کیا گیا۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ورکشاپ میں مختلف سکولوں کے اساتذہ اور فوکل پرسنز نے بھی شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سرچ فار جسٹس این جی او کی جانب سے اساتذہ کو بچوں کی حفاظت کے متعلق ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں اساتذہ کو چائلڈ پروٹیکشن اور بچوں کے تحفظ کیلئے تربیت فراہم کی گئی۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کی حفاظت کیلئے کوشاں ہے،تمام سکولوں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سرچ فار جسٹس کی ٹیمیں اساتذہ اور بچوں کو ٹریننگ فراہم کر رہی ہیں،ایک سال سے جاری ٹریننگ پروگرام مزید تین سال جاری رہے گا۔سارہ احمد نے کہا کہ اساتذہ بچوں کو اپنی حفاظت کیلئے آگاہی فراہم کر رہے ہیں ،بچے اپنے ساتھ ہونے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں اپنے والدین یا اساتذہ کو آگاہ کریں۔