چائنا میڈیا گروپ اور فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال لیگ کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط

50
football

پیرس۔24اکتوبر (اے پی پی):چائنا میڈیا گروپ اور فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال لیگ نے مشترکہ طور پر ایونٹس کی میزبانی کرنے،کھیلوں کو ترقی دینے اور بالخصوص فٹ بال کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور چائنا میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر شین ہائی شیونگ اور فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال لیگ کے چیئرمین ونسنٹ لیبرونا نے معاہدے پرفرانس کے دارالحکومت پیرس میں دستخط کیے۔

آئندہ سال چین اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چائنا میڈیا گروپ اور فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال لیگ، سربراہان مملکت کی ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ اور صدر ایمانویل میکرون کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ابتدائی مشاورت کی بنیاد پر اس جامع معاہدے تک پہنچے ہیں ۔

شین ہائی شیونگ نے ونسنٹ لیبرونا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ فٹ بال کا کھیل مقبولیت کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے اور کھیلوں کے تبادلے عوام اور ثقافتی تبادلوں کا ایک اہم حصہ ہیں۔ فرانسیسی پروفیشنل فٹ بال لیگ ، ایونٹ کے آپریشن ،پروموشن اور فٹ بال ٹیلنٹ ٹریننگ وغیرہ میں بھرپور تجربہ رکھتی ہے۔ فرانسیسی فٹ بال لیگ نے عالمی توجہ حاصل کی ہے اور چینی شائقین بھی اس سے بہت لگائو رکھتے ہیں ۔