پشاور۔ 01 ستمبر (اے پی پی):چارسدہ پولیس نے سٹی کی حدود میں اسلحے کی نوک پر شہریوں سے موبائل فون چھیننے والے گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق سٹی پولیس کو مختلف اوقات میں شہریوں سے اسلحے کی نوک پر موبائل چوری اور چھیننے کی رپورٹ موصول ہورہی تھی جس پر آئی جی اخترحیات خان اور ریجنل پولیس آفیسر مردان محمد سلیمان نے ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد عارف کو ملزمان تک رسائی حاصل کرنے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے۔
ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ رجب علی خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی عدنان اعظم خان، ایس ایچ او تھانہ سٹی جوہرشید خان اور دیگر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم نے مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کرکے وارداتوں میں ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کی اور ملزمان عمرفاروق ولد حبیب گل اور فیضان ولد داد خان ساکنان شالم پشاور کو گرفتار کرلیا۔