وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اوراسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی خصوصی ہدایات پر چمن شہر میں صفائی، تزئین و آرائش اور شجرکاری پر مشتمل 10 روزہ خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے
چمن شہر میں صفائی، تزئین و آرائش اور شجرکاری پر مشتمل 10 روزہ خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی خصوصی ہدایات پر چمن شہر میں صفائی، تزئین و آرائش اور شجرکاری پر مشتمل 10 روزہ خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں، سڑکوں، گلیوں اور میدانوں سے کچرے کے ڈھیروں کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر درختوں کے پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔صفائی مہم کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چمن فدا احمد بلوچ، میئر میونسپل کارپوریشن و قبائلی رہنما حاجی حبیب اللہ اچکزئی، ڈپٹی میئر مطیع اللہ اچکزئی، چیف آفیسر حافظ منیر اور سینیٹری آفیسر محمد اصغر خان کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فدا احمد بلوچ، چیف آفیسر حافظ منیر اور ڈپٹی میئر مطیع اللہ اچکزئی نے کہا کہ صفائی مہم کا مقصد چمن شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور سرسبز بنانا ہے۔ مہم کے دوران صفائی کے ساتھ ساتھ شجرکاری اور شہر کی تزئین و آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف و سرسبز چمن کے مقصد کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، تاہم اس مہم کی کامیابی کے لیے شہریوں کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں، صفائی کا خیال رکھیں اور شہر کو صاف، خوبصورت اور سرسبز بنانے کی اجتماعی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں۔







