چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملک کی مختلف معروف خانقاہوں اور درباروں کے گدی نشینوں اور سجادہ نشینوں نے ملاقات کی
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے مختلف خانقاہوں اور درباروں کے گدی نشینوں اور سجادہ نشینوں کی ملاقات
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملک کی مختلف معروف خانقاہوں اور درباروں کے گدی نشینوں اور سجادہ نشینوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی یکجہتی، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، معاشرتی اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں پیر سید امجد علی شاہ گیلانی (آستانہ عالیہ گڈ گور شریف)، صاحبزادہ میاں عمر بخش (دربار عالیہ کھڑی شریف)، سید انوار الحسن پیر آف مراڑہ شریف، سید اکمل حسین شاہ، سید معظم غفار، ملک اصغر حسین اور میاں محمد شبیر شامل تھے۔وفد نے اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور خانقاہی مراکز کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی تہذیبی و سماجی تاریخ میں خانقاہوں اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کا اہم کردار رہا ہے، محبت، برداشت، انسان دوستی، خدمتِ خلق اور اتحاد پر مبنی یہ تعلیمات آج بھی معاشرے کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، امن، مذہبی رواداری اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں خانقاہی مراکز مثبت اور مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں، نوجوانوں کی اخلاقی و سماجی تربیت، تعلیم اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لئے ان مراکز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔وفد نے ملک میں امن، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔








