وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان ہماری نسلوں کی امانت ہے
وزیراعلیٰ بلوچستان کا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان ہماری نسلوں کی امانت ہے، جس کی مضبوطی، استحکام اور خوشحالی ہی بانی پاکستان کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سب سے بڑی میراث پاکستان ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کو ذاتی مفاد سے بالاتر رکھتے ہوئے ایک قومی مقصد کے لیے وقف کیا اور اپنی غیر معمولی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور ثابت قدمی سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی راہ ہموار کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاستیں محض نعروں سے مضبوط نہیں ہوتیں بلکہ آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط اداروں، ذمہ دار قیادت اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ سے مستحکم ہوتی ہیں۔ قائداعظم کے اصول آج بھی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں ہر صوبے اور ہر شہری کو مساوی احترام، مواقع اور حقوق حاصل ہیں۔
قومی یکجہتی اسی وقت مضبوط ہوگی جب ملک کے تمام حصوں اور شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں اور ریاستی معاملات میں انصاف اور میرٹ کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، دیانت داری اور نظم و ضبط قائداعظم کے بنیادی اصولوں میں شامل تھے۔ موجودہ دور میں ان اصولوں پر کاربند رہنا محض قومی فریضہ نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ضرورت بھی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ سیاسی و سماجی اختلافات کے باوجود ملک کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھنا اور قومی اداروں کو مضبوط بنانا ہی ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی برسی ہمیں صرف ان کی عظیم جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع نہیں دیتی بلکہ اپنے مستقبل کے حوالے سے قومی عہد کی تجدید کا تقاضا بھی کرتی ہے۔ ہمیں قائداعظم کے افکار کو عملی زندگی میں اپناتے ہوئے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جہاں انصاف، میرٹ، قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں تعلیم، ہنر اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ایک باصلاحیت اور بااختیار نوجوان نسل ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک لے جا سکتی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قائداعظم جسمانی طور پر آج ہمارے درمیان موجود نہیں، تاہم ان کا قائم کیا ہوا پاکستان اور ان کے اصول آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ بانی پاکستان کے افکار کو عملی کردار میں ڈھال کر پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور باوقار ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قوم کو ان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔







