صفائی کے معاملات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ذیشان رفیق

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی

سیالکوٹ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔سی او ایم سی ڈسکہ یاسر گیلانی، افضل منشاء ، داؤد بخاری اور ایکسین پبلک ہیلتھ رانا ابراربھی شریک تھے۔ اجلاس میں صفائی کی صورتحال، بیٹ پلان پر عملدرآمد، صفائی عملہ کی کارکردگی، مکینیکل سویپنگ، کچرے کی بروقت منتقلی اور شہری علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معاملات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی کی صورت میں پہلے وارننگ جاری کی جائے گی جبکہ مسلسل ناقص کارکردگی پر برطرفی سمیت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کریں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ذیشان رفیق نے کہا کہ سموگ سیزن کی آمد کے پیش نظر صفائی کے دوران سڑکوں پر گرد و غبار اڑانے سے ہر صورت گریز کیا جائے۔ سڑکوں کی صفائی کے لیے مکینیکل سویپنگ اور دیگر ماحول دوست طریقہ کار کو ترجیح دی جائے تاکہ فضائی آلودگی میں اضافے کی روک تھام میں مدد مل سکے۔انہوں نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سموگ ایک مشترکہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے بلدیاتی اداروں، محکمہ ماحولیات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔