کوئٹہ۔ 23 جنوری (اے پی پی):چمن چیمبرآف کامرس نے شہید حاجی جمال الدین اچکزئی اور شہید حاجی لالا خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ چمن کے عوام بالخصوص تجارت سے وابستہ افراد کیلئے ان کی گراں قدر خدمات ہیں ۔ان خیالات کااظہار چمن چیمبرآف کامرس کے صدر حاجی عبدالنافع اچکزئی ،ایف پی سی سی آئی اور چمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر انجینئر حاجی دارو خان ،سابق صدورحاجی رحمت اللہ پہلوان ،حاجی حمید اللہ ،سینئرممبرحاجی عبدل باری ،ادرکزئی ،ملک عبدالخالق اچکزئی ،چمن چیمبرآف کامرس کے سابق سینئر نائب صدر اولس یار خان نے یارو کے مقام پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر وسابق صدر چمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری حاجی جمال الدین اچکزئی
حاجی لالا خان کی یاد میں چمن چیمبرآف کامرس کے دفتر میں منعقدہ حاجی عبدالنافع کی زیر صدارت تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تعزیتی ریفرنس میں ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر وسابق صدر چمن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری حاجی جمال الدین اچکزئی ،حاجی لالا خان کو ان کی سیاسی ،سماجی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چمن کے عوام بالخصوص چمن چیمبرآف کامرس کے ساتھی حاجی جمال الدین اچکزئی اور حاجی الال خان کی موت سے مخلص ،ملنسار ساتھیوں سے محروم ہوگئے ہیں ،ان کی ناگہانی موت سے جو خلاء پیدا ہوئی ہے ،اس کوپُرکرنے میں وقت لگے گا ،دونوں شہداء نے ہمیشہ تجارت کے فروغ ،سماجی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،چمن چیمبرآف کامرس کے ساتھ ان کی خدمات سے استفادہ حاصل کرتے رہے ۔
انہوں نے نہ صرف چمن کی سطح پر تاجروں کی نمائندگی کی بلکہ پاکستان کی سطح پر چمن وبلوچستان کے تاجروں کی بہتری نمائندگی کی ہے ۔آخر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کے بعد لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔