چنبیلی کے پھول کو پاکستان کے قومی پھول کا درجہ ملے 59 سال مکمل

اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) چنبیلی کے پھول کو پاکستان کا قومی پھول کا درجہ ملے 59 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ چنبیلی کو خوشبو کی ملکہ اور پھولوں کی ملکہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اردو زبان میں چنبیلی، بنگالی میں چمیلی، انگریزی میں جیسمین اور سندھی میں موتیو کے نام سے پکارے جانے والے سفید اور منفرد خوشبو کا حامل چمبیلی کا پھول پاکستان کا قومی پھول ہے۔ 15 جولائی 1961ء کو چنبیلی کے پھول کو پاکستان کا قومی پھول قرار دیا گیا تھا۔ گرم اور مرطوب علاقوں میں پائے جانے والے منفرد خوشبو والے پھول کی 200 کے قریب اقسام ہیں۔ جن میں سے زیادہ تر سفید یا زرد رنگ کے ہوتے ہیں جبکہ کچھ سرخی مائل اقسام بھی ہیں۔ چنبیلی کے پودے کی عمر عموماً 15 تا 20 سال ہوتی ہے۔ چنبیلی کے پھول سے نکلا ہوا تیل کاسمیٹکس اور پرفیوم بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی بھی کئی قومی علامات ہیں۔ پاکستان کا قومی پھول چنبیلی، درخت دیودار، کھیل ہاکی، پرندہ چکور، مشروب گنے کا رس، پھل آم، جانور مارخور، رینگنے والا قومی جانور انڈس مگر مچھ اور قومی لباس شلوار قمیض ہے.