چند ماہ میں عالمی اداروں کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تین رپورٹس کا اجراءبدلی ہوئی صورتحال کا عکاس ہے، صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان

50

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ میں 70 کے قریب شامل اراکین نے ایک سال کی محنت کے بعد شواہد جمع کر کے اور مختلف سماعتیں کر کے کشمیر پر ایک جامع اور مربوط رپورٹ شائع کی ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں عالمی اداروں کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تین رپورٹس کا اجراءعالمی برادری کی جانب سے کشمیر پر بدلی ہوئی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ ان رپورٹس میں مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور سپیشل پاور ایکٹ کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ان کالے قوانین کی بنیاد پر کشمیر میں بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتی ہے۔ دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ 10 ہزار سے زائد کشمیری لاپتہ کئے گئے ہیں۔ چھ ہزار اجتماعی قبروں کی تحقیقات کی ان رپورٹس میں سفارش کی گئی ہے۔ پیلٹ گنز کے استعمال روکے جانے، ہندوستانی جیلوں کی عالمی سطح پر انسپکشن کی سفارش کی گئی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے اسلامی و عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت پر تجارتی پابندیاں عائد کرے، اسلامی بینک اور اسلامی سالیڈیریٹی بینک کی جانب سے کشمیریوں کو امداد کی فراہمی کی سفارش کی گئی ہے۔