چنیوٹ ،وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت چنیوٹ میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع چنیوٹ میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی ضلع میں جدید، ماحول دوست اور کم خرچ پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔

چنیوٹ ۔ 15 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع چنیوٹ میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی ضلع میں جدید، ماحول دوست اور کم خرچ پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے منصوبے کا افتتاح کیا جبکہ مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، اراکین پنجاب اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی اور چوہدری ثاقب خان چڈھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد احمر علی اور واثق عباس ہرل، ممبر پنجاب بار چوہدری مسعود اقبال، بار ایسوسی ایشن، تاجر برادری، پریس نمائندگان، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے چنیوٹ کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ چنیوٹ کے عوام کو جدید سفری سہولت کی فراہمی حکومت پنجاب کا قابلِ قدر اقدام ہے، شہری اس گرین بس کو اپنی ذاتی گاڑی سمجھ کر استعمال کریں اور اس کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ سہولت طویل عرصہ تک عوام کے لیے برقرار رہے۔ ایم پی اے چوہدری ثاقب خان چڈھر نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً دس الیکٹرک بسیں سروس میں شامل کی گئی ہیں جن میں پانچ بسیں چنیوٹ سے لالیاں جبکہ پانچ بسیں چنیوٹ سے بھوانہ روٹ پر چلائی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع چنیوٹ کے لیے مزید 30 گرین بسیں فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے تاکہ مستقبل میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دی جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرین الیکٹرک بس سروس کے تحت چنیوٹ سے لالیاں، چنیوٹ سے بھوانہ، لالیاں سے بھوانہ، چنیوٹ سے پل ڈینگڑو اور لاہور روڈ تک بسیں اپنی سروس فراہم کریں گی۔ یہ سروس روزانہ صبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گی۔ ہر مسافر کے لیے یکطرفہ کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ پانچ سال تک کے بچے مفت سفر کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر افتتاح کے بعد ابتدائی تین روز تک شہریوں کو مفت سفری سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، معیاری اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی، ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، ایندھن کی بچت ہوگی اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ضلع چنیوٹ کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید بسوں کی فراہمی سے ضلع کے تمام شہری اور دیہی علاقوں کے عوام بھی اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔