چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لئے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 16 نومبر سے شروع ہو گا

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لئے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 16 نومبر سے شروع ہو گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے افغانستان کی ٹیم 16 نومبر کو پاکستان پہنچے گی جبکہ دیگر غیرملکی ٹیمیں 20 …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لئے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 16 نومبر سے شروع ہو گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے افغانستان کی ٹیم 16 نومبر کو پاکستان پہنچے گی جبکہ دیگر غیرملکی ٹیمیں 20 اور 21 نومبر کو پاکستان مرحلہ وار پہنچیں گی۔انہوں نے کہاکہ تمام غیر ملکی ٹیموں کے لئے بھرپور سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ 22 نومبر سے 3 دسمبر تک لاہور اور ملتان میں منعقد کیا جائے گا جس کی افتتاحی تقریب22 نومبرکو لاہور میں ہوگی جس کی مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہونگی۔ ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم دسمبر جبکہ فائنل3 دسمبرکو معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ افغانستان،بھارت،بنگلہ دیش، سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ایونٹ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ میر پور آزاد کشمیر میں جاری ہے ، تربیتی کیمپ میں 22 کھلاڑی حصہ لے رہیں جنہیں کوچز اور ٹرینر جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نے ڈومیسٹک سطح پر شاندارکارکردگی دکھانے والے22 کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لئے شارٹ لسٹ کیا تھا تاہم ان میں سے حتمی 16 رکنی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نےورلڈ کپ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ورلڈ کپ کے 15 میچزلاہور جبکہ 9 میچزملتان میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے لئے پی سی بی نے 3 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔

مزید خبریں