چيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب

راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):چيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہےکہ عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ﷺ کی چوکیداری ایمان کا حصہ ہے، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، آئین کی اسلامی دفعات اور عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون کو کوئی بھی نہیں بدل سکتا، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے، جب تک پاک فوج اور حب الوطن طبقہ موجو د ہے پاکستان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو سکتا،پاکستان کے اداروں کے خلاف مہم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں علماء و مشائخ کانفرنس بعنوان ‘عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاک فوج کے بارے میں بیانات بند کرے،کسی بھی طرح سے پاکستان کے اداروں کے خلاف مہم کو برداشت نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار آئین میں وضع ہے، یہ اقتدار میں ہوں تو سب جائز نہ ہوں تو سب نہ جائز،سب کو مل بیٹھ کر سوچنا ہو گا کہ موجودہ حالات سے کیسے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ توہین رسالت و توہین مذہب کے قانون کا غلط استعمال ختم ہو چکا، پاکستان کا آئین اور قانون اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے، ہمارے ملک میں موجود غیر مسلم عیسائی، ہندو، سکھ باقی دنیا کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہیں، اقلیتوں کو اپنی عبادات سے کوئی نہیں روک رہا، اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری ہم سے زیادہ کوئی نہیں کرتا۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام امن، سلامتی، محبت اور رواداری کا دین ہے، مسلمان کی عزت و عظمت دین اسلام ہی کی وجہ سے ہے، آئین کی اسلامی دفعات اور عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون کو کوئی بھی نہیں بدل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کے گھروں کو آباد کرنے کے ساتھ اللہ کے گھروں مساجد اور مدرسوں کو آباد کرنا ہے، جونہی سیلاب کا پانی اترے گا مساجد اور مدرسوں کی چار دیواریوں پر کام شروع کیا جائے، پاکستان علماء کونسل دوسری مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر مساجد اور مدرسوں کی بحالی کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے فوجی جوان اور مذہبی جماعتوں کے رضاکار سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے دن رات مصروف ہیں، انہوں کہا کہ ستر فی صد پاکستان سیلاب کے پانی میں ڈوب گیا ہے، سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، آپس میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اشرفی نے کہا کہ اس ملک کا دفاع اور نظریہ مضبوط ہاتھوں میں ہے، اس ملک میں ہم کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک میں وحدت اور اتحاد کی ضرورت ہے، آئیں مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں، خلافت راشدہ کا نظام اس ملک کا مقدر ہے انشاءاللہ وہ دن بھی ایک دن آئے گا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں علماء کرام و مشائخ نے کانفرنس میں شرکت کی۔