چکوال کی عوام کی طرح لودھراں کے عوام نے بھی سازشی عناصر کی سیاست کویکسر مسترد کردیا ‘ وفاقی وزیر برجیس طاہر

147

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے حلقہ این اے 154 کے مارکے میں مسلم لیگ ن کی بھرپور کامیابی پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چکوال کی عوام کی طرح لودھراں کے عوام نے بھی سازشی عناصر کی سیاست کویکسر مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ لودھراں اور پاکستان کے عوام صرف اور صرف محمد نواز شریف کو ہی اپنا رہنما اور مسلم لیگ ن کو اپنی نمائندہ سیاسی جماعت سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مخالفین کی سینکڑوں سازشیں اور اربوں روپے کے وسائل بھی ان کو شرمناک شکست سے نہیں بچا سکے اور وہاں سے مسلم لیگ( ن) کے امیدوار کی فتح اس امر کی واضح عکاسی کر رہی ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف کو پاکستان کی سیاست سے کسی صورت میں بے دخل نہیں کیا جاسکتا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ متعدد ضمنی انتخابات کے نتائج نے ثابت کیا ہے کہ سینکڑوں سازشوں، بے بنیاد الزامات ،پروپیگنڈے اور جانبدرانہ احتساب کا نشانہ بنانے کے باوجود محمد نواز شریف پاکستان کے عوام کے سب سے زیادہ چائے جانے والے سیاسی رہنما ہیں ۔