چھوٹے بڑے تاجر کی تفریق کے بغیر ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کرائی جائے ،تاجر خدشات کا شکار نہ ہوں ،بلا خوف و خطر اندراج کرائیں ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

چھوٹے بڑے تاجر کی تفریق کے بغیر ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کرائی جائے ،تاجر خدشات کا شکار نہ ہوں ،بلا خوف و خطر اندراج کرائیں ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اس وقت ملک کو ہماری سخت ضرورت ہے ، چھوٹے بڑے کی تفریق کے بغیر تاجر وں کو ٹیکس سکیم میں رجسٹریشن کرانی چاہیے ۔

اشرف بھٹی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ تاجر طبقہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کے حوالہ سے کسی قسم کے خدشات کا شکار نہ ہو بلکہ بلا خوف و خطر اپنا اندراج کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نظام چلانے کیلئے ٹیکسز کی ضرورت ہے جس کے لئے سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایف بی آر میں اصلاحات کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کرے اور اس کے لئے اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ ایف بی آر اور ٹیکس دہنگان کے درمیان اعتماد کے فقدان سے منفی نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ ایسے حالات میں جب پاکستان کو ہماری ضرورت ہے تو ہمیں آگے بڑھنا چاہیے ، ملک کو قرضوں سے چنگل سے چھٹکارا دلانے کیلئے بھی ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہوگاتاکہ ہم اپنے اخراجات برداشت کرنے کے قابل ہو سکیں اور ہمیں غیر ملکی قرضے نہ لینا پڑیں ۔