چھوٹے قرضے نچلی سطح پر آمدنی میں اضافے، روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں مدد دیتے ہیں، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

78
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ ’نینو قرضے‘ نچلی سطح پر آمدنی میں اضافے، روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں بھی مدد دیتے ہیں۔

جمعرات کو یہاں گولڈ رِنگ اکنامک فورم کے زیراہتمام ’اقتصادی نمو پر نینو قرضوں کے اثرات‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نینو لون جنہیں مائیکرو یا چھوٹے قرضے بھی کہا جاتا ہے دنیا بھر کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نینو قرضے خاص طور پر خواتین کو فائدہ پہنچاتے ہیں جنہیں عمومی طور پر روایتی فنانسنگ تک رسائی میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے سے وسیع تر فوائد حاصل ہوتے ہیں اور صنفی مساوات میں بہتری آتی ہے، نینو قرضے چھوٹے پیمانے پر انٹرپرینیورشپ کے پھیلائو میں بھی معاون ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نینو قرضوں کے پروگرام کی کامیابی اور معیشت پر مثبت اثرات کے لئے بہتر ریگولیشنز انتہائی ضروری ہیں۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ نینو قرضوں کے ذریعے کریڈٹ تک رسائی سے لوگوں کی قوت خرید میں بہتری آتی ہے جس سے اشیا اور خدمات کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے اور یوں یہ معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرضے ان افراد کو کریڈٹ تک رسائی فراہم کرتے ہیں جو عام طور پر روایتی بینکنگ سسٹم سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے قرضے عوام کو مالیاتی سسٹم کو سمجھنے اور اپنے مالیات کو موثر طریقے سے منظم کرنے کے قابل بناتے ہیں، اس سے مالیاتی فیصلہ سازی اور قرضوں کے معاملات میں ذمہ دارانہ پیدا کی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے افراد کو چھوٹے قرضے انہیں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے قابل بناتے ہیں اور وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کر کے غربت میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔