چھ ستمبر وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کا دن ہے،مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا جلسہ عام سے خطاب

109

شیخوپورہ۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کا دن ہے،مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں ،ملک میں آئین کی بالادستی یقینی بنانا ہو گا ،گھڑی چور عمران نیازی حالات کو کس طرف لے کر جارہا ہے؟۔

منگل کوشیخوپورہ میں یوم دفاع کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا، جوہری دھماکے کرکے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں مسلم لیگ ن کی قیادت پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے،محمد نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو جیل میں بند کیا گیا،تمام تر زیادتیوں کے باوجود محمد نوازشریف نے ریاست کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں کی۔

جاوید لطف نے کہا کہ عمران نیازی آئے روز ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتا رہتا ہے، اور وہ ریاستی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہبازگل اور شوکت ترین جیسے لوگوں کے پیچھے عمران نیازی ہے اور سوال یہ ہے کہ عمران کے پیچھے کون ہے؟ ۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران نیازی اقتدار کے حصول کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے،ہمارا عقیدہ ہے کہ صادق اور امین صرف پیغمبر ہوتے ہیں ،عمران جیسے گھڑی چور کو صادق و امین قرار دینا سمجھ سے بالاتر ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف دائر مقدمات کا فیصلہ فوری ہونا چاہیئے ،عمران نیازی غیرملکی ایجنٹ ہے،عمران نیازی کہتا ہے کہ اس نے ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے، عمران خان کے ملک کے خلاف سازش کے ثبوت جلد منظرعام پر آنے والے ہیں ۔