آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع اور شہداء کا پورا دن بلوچستان کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے میں گزارا

آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔6ستمبر (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع اور شہداء کا پورا دن بلوچستان کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے میں گزارا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان آمد پر ضلع جعفرآباد کے اوستہ محمد میں آرمی فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہیں جاری ریسکیو اور ریلیف بارے بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوجیوں سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کے ساتھ ان کے مسائل کو کم کرنے کے منصوبوں کے بارے میں حقائق معلوم کرنے کے لئے پورا دن متاثرین کے درمیان گزارا۔آرمی چیف نے سوئی کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے مقامی عمائدین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ مقامی بزرگوں نے اس مشکل ترین وقت میں ان تک پہنچنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں، آرمی چیف نے ملٹری کالج سوئی کا دورہ کیا جہاں انہیں مختلف تربیتی اور تعلیمی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فیکلٹی اور طلباء سے بات چیت کی اور ادارے کے تعلیمی و تربیتی معیار کو سراہا۔ فیکلٹی اور طلباء نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں قومی سطح پر مقابلے کا موقع فراہم کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملٹری کالج سوئی کا قیام 2011 میں عمل میں آیا تھا اور اس کے کیڈٹس نے غیر معمولی نتائج دکھائے ہیں۔