لاہور۔29مارچ (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل وچیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کی زیرصدارت ہفتہ کے روز یہاں مرکزی دفتر اپرمال میں خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے شرکاء کو بتا یا کہ متحدہ علما بورڈ پنجاب میں اس وقت کوئی قابل ذکرکیس زیرالتوا نہیں ہے،تمام ممبران نے گزشتہ اڑھائی سال کے دوران انتہائی جا نفشانی کے ساتھ معاملات کو چلایا اوریہ اس مدت کاآخری اجلاس تھا۔اس موقع پرمتحدہ علما بورڈ پنجاب نے نئے قوائد وضوابط کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں مولانا محمدخان لغاری کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی دینی وملی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاکہ سردار محمدخان لغاری نے ہمیشہ سچ پر مبنی دینی سیاست کی،آپ کامشورہ صائب ہوتاتھا،اپنی رائے بیان کرنے میں کسی بخل سے کام نہ لیتے اوررائے پرعمل کرنے کیلئے اصرار بھی نہ کرتے،آپ کی دینی وملی خدمات کوہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔مفتی محمدرمضان سیالوی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سردار محمدخان لغاری کی اتحاد بین المسالک کے لئے خدمات قابل ذکرہیں۔
علامہ سید حسن رضاہمدانی نے کہاکہ مولانا سردار محمدخان لغاری وحدت امت کے بہت بڑے داعی تھی۔مولانا ظفراللہ شفیق نے کہاکہ مولانا سردار محمدخان لغاری قومی یکجہتی کی عملی تصویر تھے۔ اجلاس میں مولانا محمدعلی نقشبندی،مولانا عبدالوہاب روپڑی اورڈاکٹرحسین اکبر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس کے آخرپر ملک وقومی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577318