چیئرمین ایف بی آرکا سیکیورٹی آپریشنز سنٹر کا افتتاح ،چیئرمین کو اس جدید نظام کی خصوصیات سے متعلق آگاہ کیاگیا

71
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):ایف بی آر کو جدید ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کرنے کی مہم کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر /سیکرٹری ریونیو ڈویژن عاصم احمد نے منگل کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سیکورٹی آپریشنز سنٹر (ایس او سی) کا افتتاح کیا ہے۔ سیکورٹی آپریشنز سنٹر ایک ایسا جدید ترین نظام ہے جسے ایف بی آر کے آئی ٹی نیٹ ورک پر سائبر سیکیورٹی حملوں کی روک تھام، ان کا پتہ لگانے اور ایسے واقعات کے سدباب کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

اس جدید ترین ڈیجیٹل نظام کی خصوصیت ہے کہ یہ سارا سال چوبیس گھنٹے فعال رہتا ہے۔ یہ سائبرسیکیورٹی کے واقعات کی نگرانی، مالویئر اور رینسم ویئر حملوں کے معائنے، ڈیٹا بیک اپ/ریکوری سلوشنز، سافٹ ویئر کے خطرات کی اسکیننگ، آئی ٹی انفراسٹرکچر پینیٹریشن ٹیسٹنگ، اور کارکردگی کی نگرانی کے لیے دنیا کے معروف خودکار سلوشنز اور ٹولز سے بنایا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایف بی آر میں یہ متعدد سیکیورٹی کنٹرولز پہلے ہی لاگو کیے جا چکے ہیں جن میں جدید ترین فائر والز، انٹروژن ڈیٹیکشن سسٹم، سیکیورٹی آرکسٹریشن اور رسپانس کی صلاحیت، ای میل تھریٹس سیکیورٹی، ڈیٹا بیس سیکیورٹی، ویب براؤزر سیکیورٹی اور اینڈ یوزر سیکیورٹی ایویئرنس شامل ہیں۔

ڈاکٹر اشفاق احمد تونیو (ممبر،آئی ٹی۔ ایف بی آر )اور سردار عمر(سیکرٹری، آئی ٹی۔ ایف بی آر) نے چیئرمین ایف بی آر کو اس جدید نظام کی اہم خصوصیات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر محض چار سے پانچ مہینوں کی قلیل مدت میں مختلف عالمی معیار کے نو (9) سیکورٹی ٹیکنالوجی سلوشنز کو خریدکر نافذ کر چکاہے یا ان پر نفاذ قریب ہے۔ یہ مضبوط اور ہائی ٹیک ڈیفنس ان ڈیپتھ آرکیٹیکچرایسا نظام ہے جس میں سیکیورٹی آپریشن سنٹر کے اندر ان بلٹ مانیٹرنگ میکانزم موجود ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس سے ایف بی آر کے ڈیٹا اور آئی ٹی نیٹ ورک کی حفاظت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ کامران میر (چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسرایف بی آر )نےکہا کہ آنے والے مہینوں میں سیکورٹی ٹیکنالوجی کے دیگر سلوشنز کو لاگو کرنے کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد ایف بی آر کے لئے بین الاقوامی معیار کے بہترین طریقوں کے مطابق ایک ہمہ جہت انفارمیشن سیکورٹی گورننس ، رِسک اینڈ کمپلائنس فریم ورک کا حصول ہے۔ ممبر آئی ٹی اشفاق احمد تونیو اور ان کی ٹیم کے شاندار کام کو سراہتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے اس جدید سہولت کو انتہائی ضروری قرار دیا جس کے سبب ٹیکس دہندگان کے ہائی ویلیو ڈیٹا کے ذخیرے کو محفوظ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے عالمی معیار کے بہترین طریقوں کے مطابق ایف بی آر کے آئی ٹی نظام کو مزید اپ گریڈ کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ایف بی آر کی تمام فیلڈ فارمیشنز جلد ہی اس سنٹرلائزڈ سیکیورٹی آپریشن سینٹر (ایس او سی) کے ساتھ منسلک ہوجائیں گی تاکہ اس سیکیورٹی نظام کو صحیح معنوں میں کار آمد بنایا جاسکے ۔