اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن(ر) محمد خرم آغا کی بلوچستان کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عملی طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر مواصلات کی خصوصی ہدایات پر چیئر مین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ پر ہیں۔
اس دوران مچھ کے علاقہ میں ایک ایمبولینس جو مریض کو لےجاتے ہوئے راستے میں خراب ہو گئی۔ چیئرمین این ایچ اے نے مریض کے لواحقین کی مدد کرتے ہوئے ایمبولینس کو اپنی گاڑی سے باندھ کر بر وقت قریبی ہسپتال پہنچا یا۔ مریض کے اہلخانہ نے چیئرمین این ایچ اے کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ انسانی ہمدردی، جذبہ احساس اور فوری کارروائی پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے چیئرمین این ایچ اے کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے کا یہ عمل صالح لوگوں کیلئے قابل تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ہی جذبے اور احساس انسانی معراج کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ایچ اے کے انجنیئرز اور ماہرین تعمیرات پورے علاقے میں مستعد وفعال ہیں اورچیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا بلوچستان میں موجود تمام تر صورتحال کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں۔