اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کےچیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے سی ای او آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ پاکستان (اے کے اے ایچ) نصرت نساب نے پیر کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں مستقبل میں آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کمیونٹی کی سطح پر خاص طور پر پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں رہائش گاہوں کی منصوبہ بندی اور آفات کے خطرے کو کم کرنے سے متعلق تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نصرت نساب نے قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قدرتی آفات سے متعلق پیشگی آگاہی اور ہنگامی منصوبوں کے ساتھ کمیونٹیز کی مدد کرنے کے لیے آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ کے نیٹ ورک کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ 100 سے زیادہ دیہاتوں، قصبوں اور شہروں کے ساتھ رہائش کی منصوبہ بندی کے اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لیے 10 ملین ڈالر کے سیلاب کے عطیہ کے بارے میں بتایا جس میں آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ کی سیلاب سے متعلق امدادی کوششوں خاص طور پر گلگت بلتستان اور چترال میں میں 3000 تیار شدہ مکانات کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے اے کے اے ایچ کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے گلوف سے متاثرہ علاقوں میں خطرات کی تشخیص کے دائرہ کار میں جیو مانیٹرنگ، ردعمل اور انخلاء کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ایک مئوثر فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قدرتی آفات کی صورت میں کوہ پیمائوں اور سیاحوں کے لیے قدرتی آفات سے متعلق آگاہی اور موافقت کے ساتھ ساتھ انخلاء کے منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ کے ساتھ باہمی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے،
چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات کے تخفیف پر ورکشاپ یا سیمینار منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تربیت اور تحقیق میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس بات کا اشارہ دیا کہ آغا خان ایجنسی آف ہیبیٹاٹ کے تعاون سے عالمی طریقوں سے ہم آہنگ ایک شاخ گلگت میں بھی قائم کی جائے گی۔ دونوں نے مستقبل میں آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔