ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات، واپڈا منصوبوں کی فناسنگ پر تبادلہ خیال

ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات، واپڈا منصوبوں کی فناسنگ پر تبادلہ خیال

لاہور۔14نومبر (اے پی پی):ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے پانچ رکنی وفد نے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کی سربراہی میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) سے ملاقات کی۔ واپڈا کے ممبر (فنانس) اور ممبر(پاور) بھی اِ س موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وفد کو واپڈا کے انرجی جنریشن پلان کے متعلق بریفنگ دی گئی،جس کا مقصد قومی نظام میں کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی شامل کرکے بجلی کے نرخوں میں استحکام لانا ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ واپڈا منصوبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔وفد کو دیا مر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم سمیت واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کے لئے مالیاتی حکمت ِ عملی اور اِن منصوبوں میں ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بھی بتایا گیا۔وفد کو واپڈا کے مستقبل کے منصوبوں خصوصا پٹن اور تھا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نو لانگ ڈیم پراجیکٹ کے لئے فنانسنگ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کی ترقی میں واپڈا اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک طویل عرصہ سے شراکت دار ہیں۔ ملاقات کے دوران وفد نے واپڈا پراجیکٹس کی فنانسنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔