چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا لاہور کے تین کورونا ہسپتالوں کا دورہ ، ہسپتالوں میں کورونا کے حوالے سے ضروریات کا جائزہ لیا

105

اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور کے تین کورونا ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ہسپتالوں میں کورونا کے حوالے سے ضروریات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایکسپو کورونا سنٹر میں 200 کم پریشر والے آکسیجن بیڈز مہیا کیے جائیں گے۔ 20 ہائی پریشر بائی پیپ بیڈز اور 20 آئی سی یو وینٹی لیٹرز بھی مہیا کیے جائیں گے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو 15مزید پورٹیبل وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ 25 پورٹیبل وینٹی لیٹرز پہلے ہی بھجوائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو 30 کم پریشر آکسیجن بیڈز مہیا کریں گے۔ 50 ہائی پریشر بائی پیپ اور 20 آئی سی یو وینٹی لیٹرز بھی پی کے ایل آئی کو فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتال کو 20 ہائی پریشر بائی پیپ اور20 لو پریشر آکسیجن بیڈز دیئے جائیں گے۔ 10 آئی سی یو وینٹی لیٹرز بھی سوشل سیکورٹی ہسپتال کو فراہم کیے جائیں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اےاسی سلسلہ میں آئندہ منگل کو کراچی کا بھی دورہ کریں گے اور کراچی کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے درکار ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔