چیئرمین این ڈی ایم اے کی کوپ29 کے چئیرمین بورڈ آ ف ڈائریکٹر جن لیکون سے ملاقات

128

باکو۔16نومبر (اے پی پی):چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کوپ 29 کے صدر اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز جن لیکون کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے تدارک اور ماحول کے مطابق منصوبہ بندی اور تعاون کی اہمیت پر زور دیاگیا تا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی قدرتی آفات اوران شدت کے پیش نظر پائیدار تعمیرات کو یقینی بنایاجا سکے۔ملاقات کے دوران چئیرمین این ڈی ایم اے اور لیکون نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ممالک کے معاشی استحکام پر منفی اثرات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے متاثرہ قوموں کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کے لیے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے فوری فنڈز جاری کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے نجی شعبے کو منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے ایسے سازگار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی جس کی مدد سے پائیدار ترقی اور مستحکم مستقبل کی یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات کا اختتام دو طرفہ تعاون اور تجربات کے تبادلے کے زریعے عالمی میعار کے مطابق تیاری کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ این ڈی ایم اے کا اعلیٰ سطح کا وفد باکو، آذربائیجان میں جاری کوپ 29 میں شرکت کر رہا ہے۔این ڈی ایم اے کی شرکت بین الاقوامی تعاون اور حمایت کے ذریعے پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اوراستحکام کو فروغ دینے کے سفر میں معاون ثابت ہو گی۔