چیئرمین ایچ ای سی نے اسلام آباد راولپنڈی وائس چانسلرز فورم کا افتتاح کر دیا

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بدھ کو اسلام آباد–راولپنڈی جڑواں شہروں کے وائس چانسلرز فورم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بدھ کو اسلام آباد–راولپنڈی جڑواں شہروں کے وائس چانسلرز فورم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ فورم کے پہلے اجلاس میں خطے کی 25 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور صدور نے شرکت کی، جس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے درمیان مکالمے، تعاون اور خیالات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔اپنے خطاب میں چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ اس نوعیت کے فورمز اعلیٰ تعلیمی اداروں کو انفرادی کاوشوں سے آگے بڑھ کر اجتماعی انداز میں تعلیمی معیار کی بہتری، تحقیقی کلچر کے فروغ اور شعبۂ تعلیم کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے جڑواں شہروں کی جامعات کے سربراہان کی فعال شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

چیئرمین ایچ ای سی نے آئی یو سی پی ایس ایس کے قومی کوآرڈینیٹر مرتضیٰ نور کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے چھٹے انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کی سفارشات کی روشنی میں اس فورم کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ مذکورہ کنونشن ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے امید ظاہر کی کہ وائس چانسلرز فورم خطے میں تعلیمی ترقی، ادارہ جاتی اشتراک اور بامعنی روابط کے فروغ کے لیے ایک مستقل اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین ایچ ای سی اور شریک وائس چانسلرز نے تقریب کی میزبانی پر یونیورسٹی آف راولپنڈی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمد ابوبکر کا شکریہ ادا کیا۔