اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ایچ ای سی ملک کو تعلیم پر مبنی معیشت بنانے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ایچ ای سی کے پندرہ سال مکمل ہونے پرمنعقد کردہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایچ ای سی کے مجموعی کردار پر روشی ڈالی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی اور ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر معصوم یاسین زئی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کے قیام کے مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کی قےام کے وقت ملک میں جامعات کی تعداد صرف 59تھی ، تحقیقی مجلات صرف 800اور جامعات میں اندراج اور داخلے کی شرح صرف 2.6فی صد تھی، جبکہ اب جامعات کی تعداد 188ہو گئی ہے، مجلات کی تعداد سالانہ 12000، اور اندراج کی شرح 9 فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025ءتک جامعات 300 تک اور شرح اندراج 15 فیصد تک لے جانے کے اہداف پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتاےا کہ اب تک کل 251000 طلباءایچ ای سی کے وظائف سے استفادہ کر چکے ہیں جبکہ خو ش آئند بات یہ ہے کہ ان طلباءمیں سے 59 فیصد کا تعلق دیہی علاقہ جات سے ہے۔