چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت این ایس سی ٹی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے اجلاس

"چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیرِ صدارت نیشنل سکلز کمپیٹنسی ٹیسٹ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار و افادیت کو بہتر بنانے کے لیے مہارت پر مبنی تعلیم اور نصابی اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت نیشنل سکلز کمپیٹنسی ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار اور افادیت کو بہتر بنانے کے لئے مہارت پر مبنی تعلیم اور نصابی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں جامعات کے نصاب کو قومی ترقیاتی ترجیحات اور بدلتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر مہارت پر مبنی تعلیم کے فروغ، صنعت اور جامعات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور تعلیمی پروگراموں میں عملی مہارتوں کو مؤثر انداز میں شامل کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مہارت پر مبنی تدریس، جانچ کے نظام اور اسناد کے اجراء کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں نتائج پر مبنی تعلیم (آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن) کے مؤثر نفاذ، مضبوط نظامِ معیار اور نصابی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ جامعات ایسے فارغ التحصیل افراد تیار کریں جو جدید صنعتوں کی ضروریات کے مطابق علمی استعداد، عملی مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آراستہ ہوں اور پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نصابی اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، مہارت پر مبنی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا اور اعلیٰ تعلیمی نظام کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

مزید خبریں