اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے اوورسیز کنونشن کو سراہتے ہوئے اسے سمندر پار پاکستانیوں کے اپنے وطن سے تعلقات کو مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
چوہدری پرویز اقبال لوسر نے نے اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کنونشنز سمندر پار پاکستانیوں اور حکومت کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون اور افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے۔چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلا اوور سیز کنونشن سمندر پار پاکستانیوں اور مادر وطن کے درمیان یکجہتی کو ظاہر کرتا ہے، جو تعلقات کو مضبوط بنانے اور مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک اجتماعی عزم کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی بار سمندر پار مقیم پاکستانی برادری کو ایسا موقع دیا گیا ہے، جو ان کے خدشات دور کرنے اور تارکین وطن کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے ملکی معیشت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور ان کی ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی ترقی اور سرمایہ کاری میں ان کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581225