چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کا تقریب سے خطاب

120

پشاور۔30 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے خیبر پختونخوا حکومت کو صوبے میں ہیلتھ سروس ڈیلیوری کے لئے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام (این ایچ آئی پی )کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ منگل کے روز خیبر میڈیکل کالج میں مختلف شعبوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءمیں گولڈ میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی راہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی اختلافات کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات و خدمات کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے تیار ہے اسی لئے این ایچ آئی پی کے تحت ملک بھر میں مستحق لوگوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ ان کو تیزی کے ساتھ اور باعزت طریقے سے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر مملکت ماروی میمن نے ڈاکٹروں بالخصوص نوجوان ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے صوبے کے غریب مریضوں کے علاج کے چیلنج کو قبول کریں ۔