راولپنڈی ۔5مارچ (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل سا حر شمشاد مرزا نے پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والے "چیلنجز ان ملٹری میڈیسنز” کے موضوع پر شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے رکن ممالک سیمینار کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے خطاب میں اس بات کو اجاگر کیا کہ نئے اور پیچیدہ صحت کے چیلنجز، وبائی امراض اور انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں ، ردعمل کی حکمت عملیوں اور اس سے بھی اہم، خاص طور پر فوجی ادویات کے شعبے میں ایس سی او ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان قوم اور پاک فوج دونوں کو ایس سی او کے ساتھ اپنی شراکت پر فخر ہے اور وہ اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس بات چیت اور تعاون کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر ایس سی او اور شریک ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کیا۔